رقم الفتوی : 495
السلام علیکم ور حمتہ اللّٰہ و برکاتہ
حضرت آ پ کے مسائل واٹس ایپ گروپ میں سے ایک مسئلہ ساس سے زنا کرنے کے متعلق میری نظر سے گزرا دلائل و انداز بیاں ماشاءاللہ بہت عمدہ اور واضح
میرا استفسار و التماس آ پ سے یہ ہے کہ اگر کوئی اپنی سگی سالی سے جان بوجھ کر اور حالت ہوش و ہواس میں زنا کر لے یعنی فاعل اور مفعول مطلب طرفین کی رضا مندی سے یہ زنا واقع ہوا ہو یا پھر زبردستی یا ایک طرف سے رضا مندی پائی گئی ہو یا پھر طرفین میں سے کسی ایک نے دوسرے کو ٹریپ میں ڈال کر یعنی اپنے مطلب اور خواہش کے حصول کے لئے زنا کو انجام دیا ہو ان مذکورہ تمام صورتوں میں اپنی سگی سالی کے ساتھ زنا کرنے پر زنا کرنے والے کی بیوی کا اور زنا کرنے والے کا اور زنا کرنے والے کی سالی کا از روئے شرع کیا حکم ہے بیان فرما کر گروپ میں شئر کر کے شکریہ کا موقعہ دیں
المستفتی : حسیب دینا جپوری
〰〰〰〰〰〰〰〰〰〰〰
وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعونہ تعالیٰ : زید کا اپنی سالی سے ناجائز تعلقات رکھنا اور زنا کرنا سخت ناجائز و حرام ہے۔ زید اور اس کی سالی زنا کے سبب گناہگار ہوئے ۔ اگر حکومت اسلامیہ ہوتی تو ان دونوں کو بہت کڑی سزا دی جاتی۔ موجود صورت میں حکم یہ ہے کہ ان دونوں کو علانیہ توبہ واستغفار کرایا جائے۔ لیکن زید کا سالی سے زنا کے سبب نکاح نہیں ٹوٹا بدستور اس کی زوجہ ہے زنا سے صرف چار حرمتیں ثابت ہوتی ہیں۔ مزنیہ زانی کے اصول و فروع پر حرام ہو جاتی ہے۔ زانی مزنیہ کے اصول و فروع پر حرام ہو جاتی ہے۔اللہ تعالیٰ قرآن مقدس میں ارشاد فرماتا ہے : وَ لَا تَقْرَبُوا الزِّنٰۤى اِنَّهٗ كَانَ فَاحِشَةًؕ وَ سَآءَ سَبِيْلًا۔ ترجمہ : زنا کے قریب نہ جاؤ کہ وہ بے حیائی ہے اور بری راہ ہے۔( سورہ بنی اسرائیل آیت 32)۔ بحر الرائق میں ہے : و أراد بحرمت المصاهرة الحرمات الأربع : حرمة المرأة على أصول الزاني وفروعه نسبا و رضاعا، و حرمة أصولها و فروعها علي الزاني نسبا و رضاعا كما في الوطء الحلال، تلخيصا. ( ج / 3 کتاب النکاح، فصل فی المحرمات، صفحہ 179)۔درمختارمیں ہے : فی الخلاصة وطیء أخت امرأته لاتحرم علیه امرأته۔ ترجمہ : خلاصہ میں ہے کہ سالی سے زنا کی وجہ سے بیوی حرام نہ ہوگی۔ ( ج/ 4 کتاب النکاح، فصل فی المحرمات، صفحہ 109)
فتاویٰ رضویہ میں اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان فاضلِ بریلوی علیہ الرحمہ ایک سوال کے جواب میں تحریر فرماتے ہیں :سالی سے زنا عورت کو حرام نہیں کرتا۔ ( جلد/11 صفحہ 440)۔
وﷲ سبحٰنہ وتعالیٰ اعلم_
〰〰〰〰〰〰〰〰〰〰〰
کتبــــــــــــــــــــــــــــــــہ
حضرت مفتی محمد مظہر حسین سعدی رضوی،خادم سعدی دار الافتاء،متوطن: نل باڑی، سونا پور ہاٹ، اتردیناجپور، ویسٹ بنگال،الہند۔
15/ جمادی الاولی 1444ھ
10/ دسمبر 2022ء
رابطــــہ نمبــــر📞 8793969359☎