رقم الفتوی : 504
السلامُ علیکم و رحمتہ اللہ و برکاتہ۔
کیا فرماتے ہیں علمائے دین اِس مسئلہ کے بارے میں کہ زید نا پاک ہے تو کیا حالتِ ناپاکی میں زید میت کو مٹی دے سکتا ہے یا نہیں۔ناپاکی کی حالت میں مٹی دینا از شرع کیا ہے؟
قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں عین نوازش ہوگی۔۔
المستفتی : محب الدین ہاشمی قادری۔ بلرام پور۔۔ یوپی۔
〰〰〰〰〰〰〰〰〰〰〰
وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعونہ تعالیٰ : نماز جنازہ پڑھنے کی وہی شرطیں ہیں جو بقیہ نمازیں پڑھنے سے متعلق ہے مثلاً بدن، جامہ، جگہ نجاست حقیقیہ سے پاک ہو،اور بدن نجاست حکمیہ سے بھی پاک ہو۔اگر نماز جنازہ ناپاکی کی حالت میں پڑھی ہے تو پڑھنے والے گناہگار ہوئے،اور اس کی نماز جنازہ نہیں ہوئی۔
لہذا صورت مسئولہ میں ناپاکی کی حالت میں میت کو مٹی دینا سخت برا ہے اس کو ہر گز ایسا نہیں کرنا چاہیے البتہ مٹی دینے سے مٹی ہو جائے گا۔ کیونکہ مٹی دینے کے وقت ذکر و دعا پڑھی جاتی ہے قرآت قرآن نہیں۔ اور ناپاکی کی حالت میں ذکر و دعا پڑھ سکتے ہیں۔فتاویٰ ہندیہ میں ہے : ويجوز للجنب والحائض الدعوات وجواب الاذان ونحو ذلك۔ ترجمہ : جنبی اور حائضہ کے لیے دعائیں پڑھنا اور اذان کا جواب دینا اور اس جیسی چیزیں جائز ہیں( ج1 الفصل الرابع فی احکام الحیض والنفاس والستحاضۃ صفحہ 38)
درمختارمع ردالمحتار میں ہے : و لا يكره النظر إليه أي القران لجنب وحائض ونفساء لان الجنابة لا تحل العين مالا تكره أدعية اي تحريما والا فالوضؤ لمطلق الذكر مندوب وتركه خلاف الاولىٰ وهو مرجع الكراهة التنزيهية۔یعنی جنبی و حیض و نفاس والی عورت کے لیے قرآن مجید کو دیکھنے میں کوئی کراہت نہیں کیونکہ جنابت آنکھ میں سرایت نہیں کرتی اور نیز دعائیں پڑھنا مکروہ تحریمی نہیں ہے البتہ مطلق ذکر کے لیے وضو کر لینا مستحب ہے اور بے وضو پڑھنا خلاف اولیٰ اور مکروہ تنزیہی ہے( ج1 ملخصا باب الحیض صفحہ 488/89) شرح وقایہ میں ہے : وسائر الأدعية والاذكار لا بأس بها ۔ترجمہ : تمام قسم کی دعائیں اور اذکار پڑھنے میں کوئ حرج نہیں ہے (ج1 باب الحیض صفحہ 116)بہار شریعت جلد اول میں ہے : قرآن مجید کے علاوہ اور تمام اذکار کلمہ شریف درود شریف وغیرہ پڑھنا بلاکراہت جائز ہے بلکہ مستحب ہے اور ان چیزوں کو وضو یا کلی کر کے پڑھنا بہتر ہے اور ایسے ہی پڑھ لیاجب بھی کوئی حرج نہیں اور ان کے چھونے میں بھی حرج نہیں۔( حصہ 2صفحہ379)۔
وﷲ سبحٰنہ وتعالیٰ اعلم
〰〰〰〰〰〰〰〰〰〰〰
کتبــــــــــــــــــــــــــــــــہ
حضرت مفتی محمد مظہر حسین سعدی رضوی،خادم سعدی دار الافتاء،متوطن: نل باڑی، سونا پور ہاٹ، اتردیناجپور، ویسٹ بنگال،الہند۔
18/ جمادی الاولی 1444ھ
13/ دسمبر 2022ء
رابطــــہ نمبــــر📞 8793969359☎