رقم الفتوی : 616
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاته
کیا فرماتے ہیں علماء کرام و مفتیان عظام مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ پیشاب یا پاخانہ کرنے سے غسل واجب ہوتا ہے یا نہیں جبکہ پانی ملنے کی گنجائش نہ ہو آپ سبھی ممبران اس کا جواب بحوالہ کے ساتھ عنایت کریں مہربانی ہوگی
المستفتی : محمد ارشاد نظامی (ضلع لکھنئو یوپی اترپردیش )
(فقط مع السلام)
.............................................................
وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعونہ تعالیٰ : غُسل ان چیزوں سے فَرْض ہوتا ہے اور وہ یہ ہے۔(1) مَنی کا اپنی جگہ سے شَہوت کے ساتھ جدا ہوکر عُضْوْ سے نکلنا سببِ فرضیتِ غُسل ہے۔(2)حَیض سے فارغ ہونا۔ (3) نِفاس کا ختم ہونا۔
صورت مسئولہ میں جب پانی نہ ملے تو اِن چیزوں سے صاف کر لینا بلا کراہت جائز ہے مثلاً ڈھیلے، کنکر، پتھر، پھٹا ہوا کپڑا اور جو استنجا کو سکھا سکے۔اس کے باوجود اگر اس نے صاف نہیں کیا پھر بھی ناپاک نہیں ہو گا۔
البتہ اگر نجاست مخرج یا مخرج کے آس پاس کی جگہ میں ایک درہم سے زیادہ نجاست لگی ہو تو اس جگہ کو دھونا فرض ہے بغیر دھوئے نماز ادا نہ ہوگی۔ اور اگر نجاست ایک درہم کے برابر ہے تو اس کو پاک کرنا واجب ہے اگر پاک کیئے بغیر نماز ادا کر لی تو نماز واجبُ الاعادہ ہو گی۔ اگر ایک درہم سے کم ہے تو دھونا سنت ہے۔اگر بغیر دھوئے نماز ادا کر لی تو نماز ہوجائے گی لیکن خلافِ سنت اور مکروہِ تنزیہی ہوگی۔در مختار میں ہے : (و عفا) الشارع ( عن قدر درهم ) و أن كره تحريما، فيجب غسله، وما دونه تنزيها فيسن، فوقه مبطل فيفرض"(جلد 1/کتاب الطہارۃ، باب الانجاس/ صفحہ 520)۔بہار شریعت جلد اول میں ہے :اگر نَجاستِ غلیظہ کپڑے یا بدن میں ایک درہم سے زِیادہ لگ جائے،تو اس کا پاک کرنا فرض ہے،بے پاک کیے نماز پڑھ لی تو ہو گی ہی نہیں اور قصداً پڑھی تو گناہ بھی ہوا اور اگر بہ نیتِ اِستِخفاف ہے تو کفر ہوا اور اگر درہم کے برابر ہے تو پاک کرنا واجب ہے کہ بے پاک کیے نماز پڑھی تو مکروہ ِتحریمی ہوئی یعنی ایسی نماز کا اِعادہ واجب ہے اور قصداً پڑھی تو گنہگار بھی ہوا اور اگر درہم سے کم ہے تو پاک کرنا سنّت ہے،کہ بے پاک کیے نماز ہوگئی مگر خلافِ سنّت ہوئی اور اس کا اِعادہ بہتر ہے۔(حصہ دوم/نجاستوں کا بیان، صفحہ 392)۔
وﷲ سبحٰنہ وتعالیٰ اعلم_
کتبــــــــــــــــــــــــــــــــہ
حضرت مفتی مظہر حسین سعدی رضوی برکاتی،خادم سعدی دار الافتاء،متوطن: نل باڑی، سونا پور ہاٹ، اتردیناجپور، ویسٹ بنگال،الہند۔
30/ ذی الحجہ 1445ھ
24/ جون 2024ء
رابطــــہ نمبــــر📞 8793969359☎_

