میت کو عمامہ کے ساتھ دفن کرنا جائز ہے یا نہیں؟؟؟
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان عظام اس مسئلہ میں کہ میت کو عمامہ کے ساتھ دفن کرنا کیسا ہے۔قرآن وحدیث اور اقوال فقہاء کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں بہت مہربانی ہوگی
المستفی : بندئہ خدا
〰〰〰〰〰〰〰〰〰〰〰
وعلیکم السلام ورحمۃاللہ وبرکاتہ
الجواب بعونہ تعالیٰ : ظاہر روایت کے بموجب کفن میں عمامہ داخل نہیں ہے البتہ فقہائے متاخرین نے علمائے مشائخ کے واسطے عمامہ کے ساتھ دفن کو مستحسن فرمایا ہے اور عوام الناس کو دفن کرنا ناجائز و گناہ نہیں بلکہ صرف مکروہ تنزیہی خلافِ اولیٰ ہے۔بہتر یہ ہے کہ عوام الناس کو عمامہ کے ساتھ دفن نہ کریں۔ حاشیہ طحطاوی علی الدر المختار شرح تنویر الابصار میں ہے : (و يسن في الكفن له ازار و قميص و لفافة وتكره العمامة) للميت ( في الاصح) مجتبی واستحسنها المتاخرون للعلماء والاشراف ولا باس بالزيادة على الثلاثة. في كفنه صلي الله عليه وسلم فالسنة هي الثلاث و مخالفتها تكره تنزيها" (مخلصاً جلد / 1 باب صلاۃ الجنازۃ،صفحہ 369)حاشیہ رد المحتار میں ہے : (و يسن في الكفن له ازار و قميص و لفافة وتكره العمامة) للميت ( في الاصح) مجتبی واستحسنها المتاخرون للعلماء والاشراف ولا باس بالزيادة على الثلاثة یحسن الکفن لحدیث " حسنوا اكفان الموتي فانهم يتزاورون فيما بينهم و يتفاخرون بحسن اكفانهم " (جلد/2 باب صلاۃ الجنازۃ،صفحہ 202) ( در مختار ، جلد /3 کتاب الصلاۃ ،باب صلاۃ الجنازۃ، صفحہ 96 ) فتاویٰ ہندیہ میں ہے : و ليس في الكفن عمامة في ظاهر الرواية و في الفتاوي استحسنها المتاخرون لمن كان عالما ويجعل ذنبها على وجهه بخلاف حال الحياة كذا في الجوهرة النيرية" (جلد /1 الباب الحادی والعشرون فی الجنائز.. الخ، الفصل الثالث فی التکفین، صفحہ 160)۔
وﷲ سبحٰنہ وتعالیٰ اعلم_
حضرت مفتی محمد مظہر حسین سعدی رضوی صاحب قبلہ مد ظلہ العالی والنورانی،خادم سعدی دار الافتاء،متوطن: نل باڑی، سونا پور ہاٹ، اتردیناجپور، ویسٹ بنگال، الہند۔
21/ محرم الحرام 1444ھ
20/ اگست 2022ء
*_رابطــــہ نمبــــر📞 8793969359☎*_