رقم الفتوی : 572
السلام علیکم و رحمت اللہ و برکاتہ
کیا فرماتےہیں علماء دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل کے بارے ميں کہ زید سرکاری ملازم ہے ہر ماہ اس کی تنخواہ میں سے کچھ رقم ای پی ایف EPF)کے طور پر کاٹ کر رکھ دی جاتی ہے جو ملازمت سے سبکدوشی کے بعد دی جائے گی
غور طلب امر یہ ہے کہ کٹی ہوئی رقم پر زکاۃ فرض هے یانہیں مدلل جواب عنایت فرما کر شکریہ کا موقع دیں نہایت کرم ہوگا فقط والسلام
المستفتی : محمد مستقیم احمد نوری
ساکن برناباڑى پوسٹ سونا پور ہاٹ تھانہ چوپڑا ضلع اتر دیباج پور بنگال
....….......................................................
وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعونہ تعالیٰ : ملازم کی تنخواہ سے جو رقم وضع ہو کر مدت ملازمت ختم ہونے پر ملتی ہے وہ ملازم کی ملک ہوتی ہے۔ اور وہ رقم شرعاً قرض کی حیثیت رکھتی ہے گویا کہ ملازم نے کمپنی کو اپنی تنخواہ کا ایک حصہ بطور قرض دے رکھا ہے اور قرض میں دئے گئے روپے کی زکوٰۃ واجب ہے۔
لہذا ملازم کی تنخواہ سے جو رقم وضع ہو کر کمپنی میں جمع ہوتی رہتی ہے اگر وہ جمع شدہ رقم مالک نصاب تک پہنچ جاتی ہے تو اس پر زکوٰۃ واجب ہے۔ اور چوں کہ تنخواہ سے کٹی ہوئی رقم شرعاً قرض ہے اور قرض کی رقم پر اگر چہ زکوٰۃ واجب ہے مگر ادا کرنا اس وقت واجب ہے جب کم از کم خمس یعنی پانچواں حصہ نصاب وصول ہو جائے یا وہ ریٹائر ہونے کے بعد جب وہ رقم مل جائے تو فوراً حساب کر کے اس کی زکوٰۃ ادا کر دے۔فتاویٰ رضویہ میں ہے : ملازمت جائزہ کی تنخواہ ماہ بماہ خواہ اس کا کوئی جز جمع ہو کر بعد ختم ملازمت دیا جائے، ہر طرح وہ اس ملازم کی ملک ہے۔( جلد 19/ صفحہ 534)۔اسی میں ہے : جو روپیہ قرض میں پھیلا ہے اس کی بھی زکوۃ لازم ہے مگر جب بقدر نصاب یا خمس نصاب وصول ہوا اس وقت ادا واجب ہوگی جتنے برس گزرے ہوں سب کا حساب لگا کر۔( جلد 10/ صفحہ 168)رد المحتار میں ہے : اذا امسكه لينفق منه كل ما يحتاجه فحال الحول وقد بقي معه منه نصاب فإنه يزكي ذلك الباقي وان كان قصده الانفاق منه أيضا في المستقبل لعدم استحقاق صرفه الي حوائجه الأصلية وقت حولان الحول بخلاف ما إذا حال الحول وهو مستحق الصرف إليها۔(ج 3مطلب فی زکاۃ ثمن المبیع وفاء صفحہ 179)۔
وﷲ سبحٰنہ وتعالیٰ اعلم_
کتبــــــــــــــــــــــــــــــــہ
حضرت مفتی مظہر حسین سعدی رضوی برکاتی،خادم سعدی دار الافتاء،متوطن: نل باڑی، سونا پور ہاٹ، اتردیناجپور، ویسٹ بنگال،الہند۔
14/ رمضان المبارک 1445ھ
25/ مارچ 2024ء
رابطــــہ نمبــــر📞 8793969359☎_

