تلاش کے نتائج حاصل کرنے کے لیے یہاں ٹائپ کریں۔

اذان کے دوران وقت شروع ہو جائے تو اذان ہوگی یا نہیں؟

0

  

اذان کے دوران وقت شروع ہو جائے تو اذان ہوگی یا نہیں؟

رقم الفتوی : 627


السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ 

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان عظام مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ وقت سے پہلے اذان دینا شروع کیا اور درمیان اذان میں وقت شروع ہو گیا جیسے مغرب کا ٹائم 7 بجے ہے اور انھوں نے 6.58 منٹ پر انہوں نے اذان دینا شروع کر دی۔ تو کیا وہ اذان ہوگی یا نہیں؟ جواب عنایت فرمائیں۔ 

سائل : بندئہ خدا 

............................................

وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ 

الجواب بعونہ تعالیٰ : اذان کے دوران نماز کا وقت شروع ہو جائے تب بھی اذان نہیں ہوگی۔تو بدرجہ اولیٰ قبل وقت اذان دینے سے اذان نہیں ہوگی۔تنویر الابصار مع الدر المختار میں ہے : (فیعاد اذان وقع) بعضه (قبله) کالاقامة۔ یعنی اگر بعض اذان وقت سے پہلے کہی گئی تو اس کا اعادہ کیا جائے گا جیسے اقامت کا حکم ہے۔(ج 2/ کتاب الصلاۃ، باب الاذان، صفحہ 50)۔رد المحتار میں ہے : (وقع بعضه) و کذا کله بالاولیٰ، و لو لم یذکر البعض لتوھم خروجه فقصد بذکرہ التعمیم لا التخصیص۔ قوله : (کالاقامة) ای : فی انھا تعاد اذا وقعت قبل الوقت۔ ترجمہ : اسی طرح اگر پوری اذان ہی وقت سے پہلے دے دی جائے تو بدرجہ اولیٰ اس کا اعادہ ہوگا، اگر شارح بعض کو ذکر نہ کرتے تو اس کے خارج ہونے کا وہم جاتا پس انہوں نے تعمیم کے ارادے سے اس لفظ کو ذکر کیا نہ کہ تخصیص کے طور پر۔ یعنی جیسے اقامت جب وقت سے پہلے کہی جائے تو اس کا اعادہ کیا جاتا ہے، یہی حکم اذان کا بھی ہوگا۔(ج 2/ کتاب الصلاۃ، باب الاذان، صفحہ 50)۔فتاوٰی امجدیہ میں ہے : قبل از وقت اذان، اذان ہی نہیں، اگر چہ اذان فجر ہو، بلکہ اگر قبل وقت شروع کی، اور وقت میں ختم کی تو اس کے بھی اعادہ کا حکم ہے۔(ج1/ صفحہ 53)۔بہار شریعت جلد اول میں ہے : وقت ہونے کے بعد اَذان کہی جائے، قبل از وقت کہی گئی يا وقت ہونے سے پہلے شروع ہوئی اور اَثنائے اَذان میں وقت آگیا، تو اعادہ کی جائے۔( حصہ اول، صفحہ 465)۔

وﷲ سبحٰنہ وتعالیٰ اعلم_


کتبــــــــــــــــــــــــــــــــہ

حضرت مفتی مظہر حسین سعدی رضوی برکاتی،خادم سعدی دار الافتاء،متوطن: نل باڑی، سونا پور ہاٹ، اتردیناجپور، ویسٹ بنگال،الہند۔

14/ صفر المظفر 1446ھ

20/ اگست 2024ء

 رابطــــہ نمبــــر📞 8793969359☎_

Post a Comment

0 Comments

Top Post Ad

Below Post Ad