رقم الفتوی : 642
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان عظام اس مسئلے ذیل میں کہ میت کو محفوظ رکھنے کے لیے برف لگانا کیسا ہے کہاں پر لگایا جائے برف
حوالے کے جوآب عنایت فرمائیے مہربانی ہوگی
سائل : محمد اویس رضا قادری بریلوی
.................................................
وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعونہ تعالیٰ : مردے کی تجہیز و تکفین میں بلا ضرورت شرعی تاخیر کرنا سخت ممنوع ہے اور فقہائے کرام فرماتے ہیں کہ اگر میت کا بدن خراب ہونے کا اندیشہ ہو تو تدفین میں تاخیر کرنا ناجائز و گناہ ہے۔
صورت مسئولہ میں بلا ضرورت شرعی میت کو برف وغیرہ میں رکھنا ناجائز و ممنوع ہے کہ برف کے ٹھنڈ سے میت کو تکلیف پہنچتی ہے۔اور میت کو تکلیف پہنچانا ناجائز و حرام ہے کہ جن چیزوں سے زندہ شخص کو اذیت ہوتی ہے ان چیزوں سے مردہ کو بھی اذیت ہوتی ہے، اوریہ بات بداہۃً ثابت ہے کہ زندہ شخص کو برف میں رکھنے سے اذیت ہوتی ہے تو مردے کو بھی اذیت ہو گی جو کہ ناجائز و گناہ ہے۔ہاں اگر عذر شرعی اور ضرورت صحیحہ پائی جائے تو برف وغیرہ میں رکھنا جائز ہے۔مثلاً میت کی شناخت نہ ہو یا کوئی اور قانونی مجبوری ہو تو اتنی دیر تک رکھا جا سکتا ہے۔ مگر یہ بات یاد رہے کہ میت کے قرابت داروں کے آنے کے انتظار میں زیادہ دیر تک میت کو دفن ہونے سے روکے رکھنا شرعاً مکروہ و ممنوع ہے۔مشکوۃ المصابیح میں ہے : عن عائشة ان رسول الله ﷺ قال كسر عظم الميت ككسره حيا-ترجمہ : حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا مُردے کی ہڈیاں توڑنا اور اسے ایذا دینا ایسا ہے جیسے زندے کی ہڈی توڑنا۔(ج1/باب دفن المیت، صفحہ 365)۔فتاوی ہندیہ میں ہے : ویترك على شئ مرتفع من سرير او لوح لئلا يصبه نداوة الارض فيتغير ريحه و يجعل على بطنه حديدة او طين رطب لئلا ينتفخ كذا فى السراج الوهاج-ترجمہ : اور میت کو کسی اونچی چیز مثلاً چارپائی یا تخت پر رکھیں تاکہ زمین کی نمی پہنچ کر اس کی بو متغیر نہ کر دے اور اس کے پیٹ پر لوہا یا تر مٹی رکھ دیں تاکہ نہ پھولے۔ایسا ہی سراج الوہاج میں ہے۔( ج 1/ کتاب الجناںٔز، فصل اول، صفحہ 158)۔
وﷲ سبحٰنہ وتعالیٰ اعلم_
کتبــــــــــــــــــــــــــــــــہ
حضرت مفتی مظہر حسین سعدی رضوی برکاتی،خادم سعدی دار الافتاء،متوطن: نل باڑی، سونا پور ہاٹ، اتردیناجپور، ویسٹ بنگال،الہند۔
22/ ربیع الاول1446ھ
26/ ستمبر 2024ء
رابطــــہ نمبــــر📞 8793969359☎_