تلاش کے نتائج حاصل کرنے کے لیے یہاں ٹائپ کریں۔

فاسق کی اقامت ( تکبیر ) دینا کیسا ہے؟ فاسق کی تعظیم کرنا جائز ہے یا نہیں؟

0
فاسق کی اقامت ( تکبیر ) دینا کیسا ہے؟


رقم الفتوی : 697



السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسلہ کے بارے میں کہ زید با شرع نمازی ہے اور چہرے پر سنت رسول ہے اور جمعہ کے دن اذان ثانی دیتا ہے لیکن اب زید اپنے چہرے سے داڑھی کاٹ لیا ہے بس تھوڑی سی داڑھی ہے صرف نام کا تو کیا اب زید جمعہ کے دن اذان ثانی دے سکتا ہے یا نہیں قرآن وحدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں مہربانی ہوگی

المستفتی : محمد ندیم سرور مدرس دارالعلوم مسعود یہ غریب نواز ٹنگا گاؤں ممبئی

..........................................

وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

الجواب بعونہ تعالیٰ : داڑھی ایک مشت سے کم کرنا ناجائز و حرام ہے۔اور جو گناہ کبیرہ کا مرتکب ہو وہ فاسق ہے اور فاسق کی اذان و اقامت دینا مکروہ ہے۔مگر اقامت ہو جائے گی لوٹا نے کی ضرورت نہیں۔ لیکن ایسے شخص کو اقامت کے لئے آگے نہ بڑھایا جائے۔ اور اس لئے کہ جب اسے اقامت پڑھنے دیا جائے گا تو اس کی تعظیم ہوگی اور فاسق کی تعظیم کرنا جائز نہیں ہے۔فتاویٰ رضویہ میں ہے : فاسق کی اذان اگر چہ اقامت شعار کا کام دے مگر اعلام کہ اس کا بڑا کام ہے اس سے حاصل نہیں ہوتا،نہ فاسق کی اذان پر وقت روزہ ونماز میں اعتماد جائز۔لہذا مندوب ہے کہ اگر فاسق نے اذان دی ہو تو اس پر قناعت نہ کریں بلکہ دوبارہ مسلمان متقی پھر اذان دے، تو جب تک یہ شخص صدق دل سے تائب نہ ہو اسے ہرگز مؤذن نہ رکھا جائے مسجد سے جدا کر دینا ضرور ہے۔ در مختار میں ہے :جزم المصنف بعدم صحۃ اذان مجنون ومعتوہ وصبی لایعقل، قلت وکافر وفاسق لعدم قبول قولہ فی الدیانات۔مصنف نے دیوانے، ناقص العقل اور ناسمجھ بچے کی اذان کے بارے میں عدم صحت کا قول کیا ہے۔ میں کہتا ہوں کہ کافر وفاسق کا بھی یہی حکم ہے کیونکہ امور دینیہ میں ان کا قول قابل قبول نہیں۔( جلد 5/ صفحہ 377)۔حاشیۃ الطحطاوی علی الدر المختار میں ہے : فی تقدیمه تعظیمه وقد وجب علیھم اھانته شرعا ومفادھذا کراھة التحریم فی تقدیمه۔ یعنی فاسق کی تقدیم میں اس کی تعطیم ہے حالانکہ شرعا اس کی اہانت ان پر لازم ہے، یہ بات اس پر دال ہے کہ فاسق کی تقدیم مکروہ تحریمہ ہے۔(ج 1/ باب الامامۃ، صفحہ 243)۔

وﷲ سبحٰنہ وتعالیٰ اعلم_


کتبــــــــــــــــــــــــــــــــہ

حضرت مفتی مظہر حسین سعدی رضوی برکاتی،خادم سعدی دار الافتاء،متوطن: نل باڑی، سونا پور ہاٹ، اتردیناجپور، ویسٹ بنگال،الہند۔

08/ ربیع الاول 1447ھ

01/ ستمبر 2025ء 

 رابطــــہ نمبــــر📞 8793969359☎_


Post a Comment

0 Comments

Top Post Ad

Below Post Ad